اسلام آباد میں سوشل میڈیا شخصیت اور ٹک ٹاکر ثنا یوسف کے لرزہ خیز قتل کیس کا بالآخر فیصلہ سنا دیا گیا۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج افضل مجوکہ نے محفوظ شدہ فیصلہ سناتے ہوئے مرکزی ملزم عمر حیات کو جرم ثابت ہونے پر سزائے موت اور 20 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ استغاثہ کی جانب سے پیش کیے گئے شواہد، تفتیشی رپورٹ، فرانزک ریکارڈ اور 25 سے زائد گواہان کے بیانات نے یہ ثابت کیا کہ ملزم نے منصوبہ بندی کے تحت ثنا یوسف کو نشانہ بنایا۔ سماعت کے دوران تفتیشی افسر، گاڑی کے ڈرائیور اور دیگر چشم دید گواہوں کے بیانات قلمبند کیے گئے جبکہ وکلاء کے دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
عدالتی فیصلے کے مطابق ملزم کو تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 302 کے تحت سزائے موت سنائی گئی جبکہ 20 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ جرمانے کی عدم ادائیگی کی صورت میں ملزم کو مزید قید بھگتنا ہوگی۔
یاد رہے کہ ثنا یوسف کے قتل کے واقعے نے سوشل میڈیا اور عوامی حلقوں میں شدید غم و غصے کی لہر دوڑا دی تھی، جبکہ کیس کی ہر سماعت کو عوام اور میڈیا کی جانب سے خاص توجہ حاصل رہی۔
#SanaYousaf #Islamabad #CrimeNews #PakistanNews
#bakhabardunyanews
