اسلام آباد میں کچہری کے باہر خودکش حملے میں 12 افراد ہلاک، 27 زخمی، وزیر داخلہ محسن نقوی
![]() |
| وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی |
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز کورٹ کے باہر ہونے والے خودکش حملے کے نتیجے میں کم از کم 12 افراد ہلاک جبکہ 27 زخمی ہوئے ہیں۔ محسن نقوی کے مطابق ابتدائی تفتیش میں پتا چلا ہے کہ خودکش حملہ آور کچہری میں جانا چاہتا تھا مگر موقع نہ ملنے پر اس نے پولیس کی گاڑی پر حملہ کیا۔
پاکستان کے وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے اس دھماکے کو خودکش حملہ قرارد دیتے ہوئے 12 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
محسن نقوی کے مطابق خودکش حملہ 12 بجکر 39 منٹ پر ہوا تھا اور قانون نافذ کرنے والے ادارے حملہ آور کو شناخت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اس دھماکے کی ذمہ داری تاحال کسی شدت پسند تنظیم نے قبول نہیں کی ہے، تاہم پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے الزام عائد کیا ہے کہ اس حملے میں ’انڈیا کی پشت پناہی میں سرگرم‘ گروہ ملوث ہیں۔
دوسری جانب پاکستان کے وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے الزام عائد کیا ہے کہ ’کابل کے حکمران پاکستان میں دہشتگردی کو روک سکتے ہیں لیکن اسلام آباد تک اس جنگ کو لانا کابل سے ایک پیغام ہے، جس کا بھرپور جواب دینے کی پاکستان بھرپور قوت رکھتا ہے۔

