جنوبی وزیرستان لوئر: وانا بازار میں دھماکہ، چیف آف احمد زئی وزیر ملک طارق خان سمیت 3 افراد جاں بحق، 2 زخمی
وانا میں خانزادہ مارکیٹ کے گیٹ کے قریب نصب بارودی مواد کے دھماکے میں چیف آف احمد زئی وزیر ملک طارق خان، ملک سرفراز خان یارگل خیل سمیت 3 افراد جاں بحق جبکہ 2 افراد شدید زخمی ہوگئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق دھماکہ ملک طارق خان کی گاڑی کو نشانہ بنا کر کیا گیا۔ دھماکے کے نتیجے میں گاڑی کو شدید نقصان پہنچا جبکہ جائے وقوعہ پر بھگدڑ مچ گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو فوری طور پر ہیڈکوارٹر ہسپتال وانا منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کے بعد گاڑی پر دھماکہ خیز مواد کے واضح نشانات موجود تھے جبکہ سیکیورٹی فورسز اور پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے۔
واقعے کے بعد وانا بازار اور گردونواح میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکہ ریموٹ کنٹرول بارودی مواد کے ذریعے کیا گیا تاہم حکام کی جانب سے حتمی بیان جاری نہیں کیا گیا
۔
ذرائع کے مطابق سیکیورٹی ادارے مختلف پہلوؤں سے واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں جبکہ علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔
#SouthWaziristan #Wana #WanaBlast #KhyberPakhtunkhwa #Pakistan #BreakingNews #Explosion #TerrorAttack #SecurityAlert #Police #WanaMarket #KPNews #PakistanNews #LowerSouthWaziristan #AhmedzaiWazir
