کرک: مولانا فضل الرحمان پر حملے کی منصوبہ بندی میں ملوث داعش کمانڈر پولیس مقابلے میں ہلاک
کرک (نمائندہ باخبر دنیا نیوز) خیبرپختونخوا کے ضلع کرک میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان پر ناکام خودکش حملے کی منصوبہ بندی میں ملوث داعش خراسان گروپ کا اہم کمانڈر پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا۔
ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق پولیس نے خفیہ اطلاع پر کرک کے علاقے عمبری گاؤں میں رات دیر گئے کارروائی کی۔ اس دوران پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا جو تقریباً چار گھنٹے جاری رہا۔ مقابلے میں داعش خراسان کا اہم کمانڈر نثار حکیم مارا گیا جبکہ چار پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔
ذرائع کے مطابق ہلاک دہشت گرد مولانا فضل الرحمان پر ناکام خودکش حملے کی منصوبہ بندی میں ملوث تھا۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ ضلع کرک کو طویل عرصے سے آئی ایس کے نیٹ ورک اور بھرتی کے اہم مراکز میں شمار کیا جاتا ہے، جس کے باعث علاقہ مسلسل سیکیورٹی اور خفیہ اداروں کی نگرانی میں ہے۔
پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر مزید دہشت گردوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
